چندی گڑھ، 30/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) فوری اثر سے کیش نکالنے کی حد اٹھائے جانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ نوٹ بند ی کے بعد پابندی جاری رہنے تک تمام بینک اکاؤنٹ ہولڈروں کو 18فیصد سالانہ سود دینا چاہیے۔کانگریس جنرل سکریٹری اور پنجاب معاملات کی پارٹی انچارج آشا کماری نے نوٹ بند ی کو غریبوں، کسانوں، مزدوروں، چھوٹے کاروباریوں، متوسط طبقے اور پورے غیر منظم علاقے پر مرکز کا سرجیکل اسٹرائیک قراردیا۔انہوں نے یہاں کہاکہ رقم نکالنے پر تمام طرح کی پابندیاں فوری طور پر ختم کی جائے، جب تک یہ پابندی لاگو رہتی ہے تمام بینک اکاؤنٹ ہولڈروں کو 18فیصد سالانہ کی شرح سے خصوصی سود دیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ ڈیجیٹل لین دین پر سبھی طرح کی فیس کو آگے ختم کیا جانا چاہیے۔اس کے علاوہ، انہوں نے کہا کہ چھوٹے دکانداروں اور تاجروں کو 50فیصد انکم ٹیکس اور سیلز ٹیکس چھوٹ ملنی چاہیے، ساتھ ہی کہا کہ مرکزی حکومت کو اس چھوٹ کے لیے ریونیو کے نقصان پر ریاستی حکومتوں کومعاوضہ دینا چاہیے۔پارٹی کی پنجاب معاملات کی انچارج نے کہا کہ ایک سال کے لیے منریگا کے تحت گارنٹی حاصل کام کے دنوں میں اور مزدوری کودوگنا کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو 8 /نومبر کے بعد اپنی روزی روٹی سے ہاتھ دھونے والے لوگوں کی شناخت کرنے اور ان کے رجسٹریشن کے لیے خصوصی مہم چلانی چاہیے اور انہیں 31/مارچ 2017تک بڑھائے جا سکنے والے طے وقت تک لاگو کم از کم مزدوری کی بنیاد پر معاوضہ دینا چاہیے۔